یاالٰہی ہر جگہ تیری عطا کا ساتھ ہو | Ya Ilahi Har Jagah Teri Ata Ka Saath Ho Lyrics in Urdu

یاالٰہی ! ہر جگہ تیری عطا کا ساتھ ہو
جب پڑے مشکل شہِ مشکل کشا کا ساتھ ہو

یاالٰہی ! بُھول جاؤں نزع کی تکلیف کو
شادیٔ دِیدار حُسنِ مصطفیٰ کا ساتھ ہو

یاالٰہی ! گورِ تیرہ کی جب آئے سخت رات
اُن کے پیارے منھ کی صبحِ جانفِزا کا ساتھ ہو

یاالٰہی ! جب پڑے محشر میں شورِ دار و گِیر
اَمن دینے والے پیارے پیشوا کا ساتھ ہو

یاالٰہی ! جب زبانیں باہَر آئیں پیاس سے
صاحبِ کوثر شہِ جُود و عطا کا ساتھ ہو

یاالٰہی ! سرد مِہری پر ہو جب خورشیدِ حشر
سیّدِ بے سایہ کے ظِلِّ لوا کا ساتھ ہو

یاالٰہی ! گرمیٔ محشر سے جب بھڑکیں بدن
دامنِ محبوب کی ٹھنڈی ہوا کا ساتھ ہو

یاالٰہی ! نامۂ اعمال جب کُھلنے لگیں
عیب پوشِ خلق ستّارِ خطا کا ساتھ ہو

یاالٰہی ! جب بہیں آنکھیں حسابِ جُرم میں
اُن تبسّم ریز ہونٹوں کی دُعا کا ساتھ ہو

یاالٰہی ! جب حسابِ خندۂ بیجا رُلائے
چشمِ گریانِ شفیعِ مُرتجٰے کا ساتھ ہو

یاالٰہی ! رنگ لائیں جب مِری بے باکیاں
اُن کی نیچی نیچی نظروں کی حیا کا ساتھ ہو

یاالٰہی ! جب چلوں تاریک راہِ پُل صِراط
آفتابِ ہاشمی نُور الہُدیٰ کا ساتھ ہو

یاالٰہی ! جب سرِ شمشیر پر چلنا پڑے
رَبِّ سَلِّمْ کہنے والے غمزِدا کا ساتھ ہو

یاالٰہی ! جو دُعائے نیک میں تجھ سے کروں
قُدسیوں کے لب سے آمیں رَبَّنَا کا ساتھ ہو

یا الٰہی ! جب رضا خوابِ گِراں سے سر اُٹھائے
دولتِ بیدارِ عشقِ مصطفیٰ کا ساتھ ہو


شاعر:
امام احمد رضا خان

نعت خواں:
اویس رضا قادری
حاجی مشتاق عطاری
عبد المصطفیٰ رضوی ادونی

تبصرے