پیشِ حق مژدہ شفاعت کا سُناتے جائیں گے | Pesh-e-Haq Muzda Shafaat Ka Sunate Jayenge Lyrics in Urdu

پیشِ حق مژدہ شفاعت کا سُناتے جائیں گے
آپ روتے جائیں گے ہم کو ہنساتے جائیں گے

دل نکل جانے کی جا ہے، آہ ! کن آنکھوں سے وہ
ہم سے پیاسوں کے لیے دریا بہاتے جائیں گے

کُشتگانِ گرمیٔ محشر کو وہ جانِ مسیح
آج دامن کی ہوا دے کر جِلاتے جائیں گے

گل کِھلے گا آج یہ اُن کی نسیمِ فیض سے
خون روتے آئیں گے، ہم مسکراتے جائیں گے

ہاں چلو، حسرت زدو ! سُنتے ہیں وہ دن آج ہے
تھی خبر جس کی کہ وہ جَلوہ دِکھاتے جائیں گے

آج عیدِ عاشِقاں ہے گر خدا چاہے کہ وہ
ابروئے پیوستہ کا عالَم دِکھاتے جائیں گے

کچھ خبر بھی ہے، فقیرو ! آج وہ دن ہے کہ وہ
نعمتِ خلد اپنے صَدقے میں لُٹاتے جائیں گے

خاک اُفتادو ! بس اُن کے آنے ہی کی دیر ہے
خود وہ گر کر سجدہ میں تم کو اُٹھاتے جائیں گے

وُسعتیں دی ہیں خدا نے دامنِ محبوب کو
جرم کھلتے جائیں گے اور وہ چھپاتے جائیں گے

لو وہ آئے مسکراتے ہم اسیروں کی طرف
خرمنِ عِصیاں پر اب بجلی گراتے جائیں گے

آنکھ کھولو، غمزدو ! دیکھو وہ گِریاں آئے ہیں
لوحِ دل سے نقشِ غم کو اب مِٹاتے جائیں گے

سوختہ جانوں پہ وہ پُر جوشِ رحمت آئے ہیں
آبِ کوثر سے لگی دِل کی بجھاتے جائیں گے

آفتاب اُن کا ہی چمکے گا جب اَوروں کے چراغ
صرصرِ جوشِ بلا سے جِھلملاتے جائیں گے

پائے کُوباں پُل سے گزریں گے تِری آواز پر
رَبِّ سَلِّمْ کی صَدا پر وَجد لاتے جائیں گے

سرورِ دِیں لیجے اپنے ناتوانوں کی خبر
نفس و شیطاں، سیّدا ! کب تک دَباتے جائیں گے

حشر تک ڈالیں گے ہم پَیدائشِ مولیٰ کی دُھوم
مِثلِ فارِس نجد کے قلعے گراتے جائیں گے

خاک ہو جائیں عدو جل کر مگر ہم تو، رضا !
دَم میں جب تک دَم ہے ذِکر اُن کا سُناتے جائیں گے


شاعر:
امام احمد رضا خان

نعت خواں:
اویس رضا قادری
اسد رضا عطاری

تبصرے

Most Popular

کیا بتاؤں کہ کیا مدینہ ہے | Kya Bataun Ke Kya Madina Hai in Urdu

ہم نے آنکھوں سے دیکھا نہیں ہے مگر ان کی تصویر سینے میں موجود ہے | ان کا جلوا تو سینے میں موجود ہے | Hum Ne Aankhon Se Dekha Nahin Hai Magar Lyrics in Urdu

دنیا کے اے مسافر منزل تیری قبر ہے | Duniya Ke Aye Musafir Manzil Teri Qabar Hai Lyrics in Urdu

نہیں ہے کوئی دنیا میں ہمارا یا رسول اللہ | Nahin Hai Koi Duniya Mein Hamara Ya Rasoolallah Lyrics in Urdu

عطا کر اے خدا صدقہ علی زہرا کی شادی کا | Ata Kar Aye Khuda Sadqa Ali Zahra Ki Shadi Ka Lyrics in Urdu

کیونکر نہ میرے دل میں ہو الفت رسول کی | Kyun Kar Na Mere Dil Mein Ho Ulfat Rasool Ki Lyrics in Urdu

بہن آج مجھ سے جدا ہو رہی ہے | Bahan Aaj Mujh Se Juda Ho Rahi Hai Lyrics in Urdu

تمنا مدتوں سے ہے جمال مصطفیٰ دیکھوں | Tamanna Muddaton Se Hai Jamal-e-Mustafa Dekhun Lyrics in Urdu

سنو یہ سپنے کی ہے بات | سناؤں خواب کی میں یہ بات | کہ نندیا ٹوٹ گئی | Ki Nindiya Toot Gayi Lyrics in Urdu